برسوں کی محنت سے سیکھے ہوئے اصولوں پر عمل پیرا ہوں اور اپنے چھوٹے سے کاروبار کو کامیابی کی بلندیوں پر لے جائیں
کم سرمائے سے ایک چھوٹا کاروبار شروع کرنا ایک چیلنج ہے جسے بہت سے مہم جو طبیعت کے لوگ قبول کرتے ہیں۔ یہاں ہم آپ کو کچھ ایسے اصول بتائیں گے جو کامیاب کاروباری حضرات نے پوری پوری زندگیاں کھپا کر سیکھے ہیں۔ اور ان کا کہنا ہے کہ کاش یہ سادہ سی باتیں ہمیں کاروبار شروع کرنے سے پہلے پتا ہوتیں تو ہم بہت سی غلطیاں نہ کرتے اور زیادہ کامیابی حاصل کرتے۔

1- اپنے دل کی سنو اور سنتے چلے جاؤ
ضروری نہیں کہ کسی قریبی دوست یا جاننے والے کا کامیاب کاروبار دیکھ کر آپ بھی ویسا ہی کام کرنے لگیں۔ ہو سکتا ہے کچھ دیر بعد آپ بور ہونا شروع ہو جائیں۔ اس لیے جو بھی کرنا ہے اس میں اپنے حصے کا وہ کام تلاش کریں جسے کرتے ہوئے آپ بور نہیں ہوتے۔ یعنی جس کام میں آپ کا دل لگتا ہے اسے ہی کریں۔ کیونکہ ایسا ہوتا ہے کہ آپ ایک کام بہت جذبے سے شروع کرتے ہیں لیکن کچھ دیر بعد اس کی یکسانیت یا آپ کے مزاج سے مطابقت نہ ہونے کے باعث آپ کو اس کام سے چڑچڑاہٹ ہونے لگتی ہے۔ اس لیے وہی کام کریں جس میں دل لگتا ہے۔ اور ہاں وقتاً فوقتاً خود کو یاد دلاتے رہیں کہ آپ نے یہ کام کیوں شروع کیا تھا اور اس میں آپ کے کیا عزام تھے۔ اس سے دل کو تسلی اور جذبے کو تقویت ملے گی۔

2- سرمایہ ہے تو کاروبار ہے
کامیاب کاروبار آرٹ اور سائنس کا حسین مرکب ہوتا ہے۔ آپ کا جذبہ آرٹ ہے اور آپ کے کاروبار کا بزنس ماڈل اس کی سائنس ہے۔ جذبے کے بارے میں پہلا نقطہ آپ پڑھ چکے۔ بزنس ماڈل یعنی کاروبار کی سائنس میں سرمایہ بہت اہم ہے۔ پیسہ کہاں سے آ رہا ہے اور کہاں خرچ ہو رہا ہے۔ یہ اہم ترین چیز ہے۔ اس کا حساب کاغذ اور ذہن میں ازبر ہونا چاہیے۔ کسی لمحے بھی اس سے غافل نہیں ہونا چاہیے۔ اگر آپ اس کو سمجھ گئے تو سمجھیے کامیاب کاروبار شروع۔ ہر لمحہ دیکھنا ہے کہ جو سرمایا لگ رہا ہے اس کے بدلے کتنا مل رہا ہے۔ اس کا حساب نہ رکھنے والے عقل مند نہیں بیوقوف بزنس مین ہوتے ہیں۔

3- سمارٹ لوگوں کو بھرتی کریں
اپنے کاروبار میں جو چیز کرنا آپ کو سب سے برا لگتا ہے اس کے لیے کسی کو ملازم رکھ لیجئے۔ لیکن یہ اتنا سادہ نہیں جتنا دکھائی دیتا ہے۔ کسی کو بھرتی کرتے وقت سب سے اہم بات ذہن میں یہ رکھیں کہ بار بار لوگوں کو بھرتی کرنے اور کچھ دیر بعد نکال دینے سے بہتر ہے کہ ملازم کے انتخاب میں بھلے دیر کر لی جائے لیکن خوب چھان پھٹک کر رکھا جائے۔ جب کسی کو بھرتی کر لیں تو پھر اسے زیادہ سے زیادہ دیر اپنے پاس رکھنے کی کوشش کریں۔ اسے جو نہیں آتا آپ سکھا دیں۔ لیکن اگر وہ سیکھنے کی صلاحیت سے عاری ہو یا سیکھنا ہی نہ چاہے تو اسے فی الفور نوکری سے چلتا کریں۔ کاروبار سست اور نکمے لوگوں کے لیے نہیں ہوتا۔

4- پارٹنر سے مسلسل بات چیت کریں
پہلی بات تو یہ کہ کوشش کیجئے سمال بزنس میں آپ کا پارٹنر کوئی نہ ہو۔ لیکن اگر ہو تو یہ اور بھی اچھی بات ہے کیونکہ ایک سے بڑھ کر دو۔ آپ اپنے پارٹنر سے پہلے دن سے ایسا تعلق بنائیے کہ آپ دونوں انتہائی ڈھٹائی سے ایک دوسرے سے تبادلہ خیالات کر سکیں۔ اگر وہ سوچ رہا ہے کہ آپ نے کام کم کیا ہے اور پیسے زیادہ رکھے ہیں تووہ آپ سے بلا تکلف کہہ سکے اور آپ اس سے۔ یوں شروع میں ہی غلط فہمیاں دور ہو جائیں گے اور آپ ایک دوسرے کو کاروباری لحاظ سے سمجھنے لگیں گے۔ اگر نہیں ہوں گی تو آپ کو پتا چل جائے گا کہ آپ کی پارٹر شپ نہیں چلنے والی۔ لحاظہ اسے کسی اچھے اور خوشگوار طریقے سے ختم کر دیجئے۔ زبردستی چلانے کا کوئی فائدہ نہیں دونوں کا نقصان ہو گا۔ لیکن اگر اعتماد پیدا ہو گیا ہے تو بہت اچھا۔ اسے بالکل ایک میاں بیوی والا تعلق سمجھئے۔ اب اس مسئلے میں مت پڑھیے گا کہ میاں کون اور بیوی کون۔ یہ مثال ہے سمجھانے کیلئے۔ مطلب یہ کہ جیسے میاں بیوی گھر اور باہر کے کاموں سے وقت نکال کر سیر و تفریح کرتے اور ایک دوسرے کو سمجھ کر ساتھ رہنے کی کوشش کرتے ہیں بس یہی ایک اچھی پارٹنر شپ میں بھی ہوتا ہے۔ آئیڈیل پارٹنر شپ کوئی نہیں ہوتی، جیسے سو فیصد کامیاب شادی کوئی نہیں ہوتی۔ اور ہاں سب سے اہم بات یہ کہ اکثر اوقات اپنے ساتھی کو اور خود کو یاد دلاتے رہیں کہ آپ کس لیے اور کن حالات میں کس کام کے لیے یکجا ہوئے تھے۔ بہت زیادہ امیدیں نہ خود رکھیں نہ پارٹنر کو دلائیں۔

5- غیرمتوقع اور اچانک حادثات کے لیے تیار رہیں
ایسا ممکن ہے کہ دواران کاروبار اچانک کچھ دن کے لیے چھٹی کرنا پڑے۔ بچہ بیمار ہو سکتا ہے، خدانخواستہ آپ کو حادثہ پیش آ سکتا ہے، کچھ بھی غیر متوقع ہو سکتا ہے۔ اس کے لیے پہلے سے تیاری کر کے رکھیے۔ وہ یوں کہ اپنے کاروبار کو اس طرح تشکیل دیں کہ جس پراجیکت پر کام ہو رہا ہے اگر آپ کچھ دیر کے لیے اِدھر اُدھر ہو جائیں تو وہ پراجیکٹ پایہ تکمیل تک پہنچ سکے اور گاہک کو منتقل بھی ہو جائے۔ اسی طرح کاروبار میں اتنے بھی نہ کھب جائیں کہ چند دن کی بریک تک نہ لے سکیں۔

6- مدد طلب کیجئے لیکن کہاں سے؟
یاد رکھیے سمال بزنس مہم جو اورباصلاحیت لوگوں کا کام ہے۔ اس کے لیے جو کچھ کرنا ہے آپ کو ہی کرنا ہے۔ اس میں بظاہر آپ کی مدد کوئی نہیں کرے گا۔ لیکن کوئی ہے جو آپ کی مدد کر سکتا ہے۔ اپنے اردگرد ایسے لوگوں کو تلاش کرتے رہیں جو آپ سے پہلے کامیاب سمال بزنس کر چکے ہیں یا کر رہے ہیں۔ ان سے بھی ملیں اور مشورے لیتے رہیں۔ سمال بزنس میں چونکہ کوئی بورڈ آف ڈئریکٹرز نہیں ہوتا اس لیے آپ کو خود ہی اہم ترین فیصلے لینا ہوتے ہیں۔ ایسے میں مخلص اور کامیاب کاروباری حضرات سے بنا کر رکھیں اور مشورہ کرتے رہیں
Share To:

Post A Comment: